Thursday, July 30, 2009

خاک سورج سے اندھیروں کا

خاک سورج سے اندھیروں کا ازالہ ہوگا
آپ آئیں تو میرے گھر میں اُجالا ہوگا

عشقِ سرکار کی اِک شمع جلالو دل میں
بعد مرنے کے لحد میں اُجالا ہوگا

حشر میں اُن کا ہر اِک چاہنے والا ہوگا
میرے سرکار کا عالم ہی نرالا ہوگا

حشر میں ہوگا وہ سرکار کے جھنڈے کے تلے
میرے سرکار کا جو چاہنے والا ہوگا

آنہیں سکتا نظر جلوہٴ سرکار کبھی
بے یقینی کا اگر آنکھ میں جالا ہوگا

کل وہ سرکار کے دامن میں نظر آئے گا
جس کے عیبوں کو زمانے نے اُچھالا ہوگا

حشر میں اُس کو بھی سینے سے لگائیں گے حضور
جس گنہگار کو ہر ایک نے ٹالا ہوگا

جب بھی مانگو تو وسیلے سے اُنہیں کے مانگو
اِس وسیلے سے کرم اور دوبالا ہوگا

سر جھکائے گا وہ سرکار کے قدموں میں ضرور
جس کا مقصود بھی اللہ تعالیٰ ہوگا

ہوگا سیراب سرِ کوثر و تسنیم وہی
جس کے ہاتھوں میں مدینے کا پیالا ہوگا

ہر ضرورت پہ کفالت کی نظر ہے تیری
اور تجھ سا نہ کوئی پالنے والا ہوگا

ماہِ طیبہ کی تجلی بھی نرالی ہوگی
آپ کے گرد بھی اصحاب کا ہالا ہوگا

صلۂ نعتِ نبی پائے گا جس دن خالد
وہ کرم دیکھنا تم دیکھنے والا ہوگا

0 comments:

Post a Comment

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔